اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کابینہ نے محمد جبار خان کو سی ای او پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے معاملہ پر پرویز خٹک صاحب نے لوڈ شیڈنگ کی بات کی، اس پر وزیر توانائی نے بتایا کہ جون اور جولائی کے مہینے میں بجلی کی ڈیمانڈ میں 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہمارے ہاں بجلی کی اوسطاً طلب 16 ہزار میگاواٹ رہتی ہے تاہم اس سال ڈیمانڈ 26 ہزار میگاواٹ تک بھی پہنچی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت چوبیس سے ساڑھے چوبیس ہزار میگاواٹ جنریشن رہی ہے اور اتنی ہی مقدار میں ٹرانسمیشن بھی رہی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ عید سے اب تک فورسڈ لوڈ شیڈنگ شیڈول نہیں کیا گیا تاہم نظام کے مسائل کی وجہ سے کسی مقام پر عارضی تعطل پیدا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس 1500 میگاواٹ بجلی اضافی ہے لیکن ن لیگ نے غلطی یہ کی کہ انہوں نے بجلی کے کارخانے تو لگائے لیکن ڈسٹری بیوشن سسٹم نہیں لگایا جس کی وجہ سے ہم بجلی ٹرانسمٹ نہیں کر سکے۔











