کورونا وبا کے باوجود معیشت درست سمت میں گامزن ، حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث صنعتی شعبہ فروغ پا رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

18

اسلام آباد۔3اگست  (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ  کابینہ کو موجودہ معاشی اعشاریوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یہ بات بڑی خوش کن ہے کہ ہم مسلسل مہنگائی کے اعداد و شمار میں کمی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ 1.9 ارب ڈالر رہا ہے جو گزشتہ سالوں میں کم ترین ہے۔ برآمدات بلند ترین سطح پر رہی، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی بلند ترین سطح پر ہیں، ایف بی آر کی جانب سے ریونیو اکٹھا کرنے میں 19 فیصد گروتھ ہوئی، پی ایس ڈی پی مکمل طور پر استعمال کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ فسکل بیلنس 7.3 فیصد رہا، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 14.6 فیصد اضافہ ہوا، کور انفلیشن (اربن) 6 فیصد رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نجی شعبہ کو کریڈٹ کی فراہمی میں نہایت حوصلہ افزاءرجحان دیکھنے میں آیا۔  انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تھے فیصل آباد بند تھا، وہاں لومز فروخت ہو رہی تھیں، اب چیمبر آف کامرس فیصل آباد کے صدر بتا رہے ہیں کہ ان کے پاس 2023ءتک آرڈر لینے کی گنجائش نہیں ہے۔ ہماری برآمدات بھی بلند ترین سطح پر رہے، زرمبادلہ کے ذخائر بھی بلند ترین سطح پر رہے۔