بہاولنگر،27 اگست (اے پی پی ): ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالغفار کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت80 ترقیاتی سکیموں پر جلد کام شروع کیا جائے گا جن کا تخمینہ 24009ملین روپےہے۔ علاوہ ازیں ضلع بھر میں مختلف محکموں کی49ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔
ممبر قومی اسمبلی میاں عبدالغفار نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وژن کے مطابق کام کیا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔
انہوں نے تعمیراتی محکموں کے افسران سے کہا کہ فیلڈ میں جا کر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کریں اور تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ کوالٹی کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق،ڈی پی او محمد ظفر بزدار، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری اللہ داد چیمہ، چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل ضلع بہاولنگر میاں عمر زمان لالیکا ، نمائندہ صوبائی وزیر زکوٰۃ وعشر سہیل خان انفارمیشن سیکرٹری جنوبی پنجاب اور تعمیراتی محکموں کے افسران موجود تھے۔
اے پی پی/محمد احمد/نورین