لاہور، اگست 28(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے درآمدات میں کمی ضروری ہے،حکومت مقامی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ برآمدات کو بڑھایا جا سکے، حکومتی پالیسیز کی وجہ سے پاکستان پہلی بار موبائل فون بر آمد کر رہا ہے۔
ہفتہ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے یقین دلایا کہ برآمد کنندگان کو بندرگاہوں پر مناسب سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے درآمدات میں کمی ضروری ہے۔
مشیر برائے تجارت نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کا درجہ دو سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاکستانی ساختہ موبائل فون برآمد کرنا شروع کر دیا ہے جو کہ ملک کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان میں جوتے کی درآمدات میں بھی کمی آئی ہے جبکہ ملک میں جوتے کی پیداوار بڑھنے کی وجہ سے ملکی ضروریات مقامی انڈسٹری سے ہی پوری ہورہی ہیں۔