بہاول نگر، 13 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف بھر پور انداز میں کام کریں، ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی سے متعلق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالہ سے متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے مربوط انداز میں کام کیا جائے اور انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا ئے. انہوں نے ہدایت کی کہ ویکٹر سرویلینس باقاعدگی سے کی جائے اور ان ڈور اور آوٹ ڈور ٹیمیں فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں اوراینڈرائیڈ یوزر سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کی626 ان ڈور اور 118آوٹ ڈور ٹیموں متحرک ہیں اور عوام الناس میں ڈینگی کے تدارک کےلئے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔











