اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کو کامیاب پاکستان پروگرام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کی تفصیلات شوکت ترین صاحب پہلے بھی دے چکے ہیں، نوجوانوں، کسانوں اور اس طبقے کو جسے پہلے کبھی قرضہ نہیں ملا، کو 315 ارب روپے دیئے جائیں گے۔ کامیاب پاکستان پروگرام کا اجراء9 اگست کو کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے وزراءاور وزراءمملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم ہائوس کو نجی تقریبات کے لئے اوپن کرنے کا معاملہ موخر کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم ہائوس کے عقب کی جگہ پر یونیورسٹی بن رہی ہے، اس کے لئے 32 ارب روپے پہلے ہی مختص ہو چکے ہیں، اس کا بل بھی میں بحیثیت وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اسمبلی میں پیش کر چکا ہوں۔ یونیورسٹی اپنی جگہ بن رہی ہے، وزیراعظم ہائوس میں ایک ہال کو اوپن کرنا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان ریاست کی ملکیت چیزوں کے بہتر استعمال کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ممبران کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم لیڈر آف اپوزیشن کو خط لکھ رہے ہیں لیکن مشاورت کے لئے ملنا ضروری نہیں ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ 1931ءسے حوالگی کا معاہدہ ہے، برطانیہ کے ساتھ نہیں ہے، امریکہ نے بھی ہمیش خان کو ہمارے حوالے کیا تھا۔











