سکھر،17 اگست (اے پی پی ):روہڑی میں غازی عباس علمدار کی یاد میں مسجد کے نام سے منسوب تعزیئے کا جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے ،ماتمی جلوس میں مرکزی تعزیئے کے علاوہ چھوٹے بڑے تعزیئے ،علم پاک اور ذوالجناح شامل ہو رہے ہیں ،ماتمی جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں ،نوحہ خوانی و سینہ زنیکی جا رہی ہے، ماتمی جلوس رات گئےدرگاہ شاہ عبدالرحمان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جہاں کربلا میدان میں مجلس عزا منعقد کی جائے گی ، جو صبح چار بجے تک جاری رہے گی، جس کے اختتام پر مجلس عزا کے اختتام پر پانچ سو سالہ تاریخی ضریح اودس نوڈھالہ کربلا معلی برآمدکی جائے گی ۔ضریح اقدس کا جلوس ادارہ محفل شاہ عراق کربلا سے شروع ہوکر منڈوکھبڑ کے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا ،جلوس میں شرکت اور ضریح اقدس کو پرسہ دینے کےلیے ملک بھر سے عزاداروں کی آمد شروع ہو گئی ہے ،روہڑی شہر کی گلیاں محلے اور سڑکیں سیاہ کپڑوں میں ملبوس عزاداروں سے بھر گئیں ۔شہر میں ہر طرف سے یاحسین کی صدائیں بلند ہونے لگیں ہیں اور جگہ جگہ لنگر ونیاز اور چائے و شربت کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔
ضریح اقدس اور آٹھ محرم کے جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، روہڑی شہر کی گلیاں اور سڑکیں سیل کردی گئیں ہیں ،عزاداروں کی کئی مقامات پر جامہ تلاشی لینے کا سلسلہ جاری ہے ۔دوہزار سے زائد پولیس ورینجرز کے جوان تعینات ہیں ،ماتمی جلوس کی نگرانی کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے ڈویزنل و ضلعی افسران شہر کے دورے کر رہے ہیں ۔