رینالہ خورد ،24اگست(اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنسز نے تحقیق اور اشاعت کے موضوع پہ ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں پنجاب یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مقالہ جات لکھنے اور ان کی بین الاقوامی جرائد میں اشاعت کے حوالے سے بات کی۔
اس موقع پر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں موجود مسائل کا حل پیش کریں اور یہ صرف ہماری جامعات میں تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے سے ہی ممکن ہے۔
پروفیسر خالد نے سیمینار کے شرکاء کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ اپنے مقالہ جات کو بین الاقوامی جرائد میں شائع کروانے کی کوشش کریں کیونکہ اس سے ہمارے اسکالرز اور جامعات کی ایک شناخت بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں تحقیقی پیمانے سب کےلیے یکساں ہیں۔ ہمارے محققین کے چاہیے کہ وہ اپنی تحقیق کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ لائبریری سائنسز کے کوآرڈینیٹر راشد مقبول نے نے بتایا کہ بین الاقوامی جرائد میں اپنے مقالہ جات کی اشاعت کےلیے ہمیں پہلے ان کے قواعد و ضوابط کو سمجھنا چاہیے اور اس سیمینار کا مقصد اسکالرز کی ان جرائد تک رسائی اور اشاعت کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر سائرہ حنیف، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ڈاکٹر سلمان بن نعیم اور اوکاڑہ یونیورسٹی سے ڈاکٹر مصباح بھی موجود تھیں۔