سکھر،30جولائی(اے پی پی): سیلز ٹیکس اور سافٹ ویئر کے بارے میں ایف بی آرکی جانب سے بازار اور کاروباری اداروں میں نوٹسز موصول ہونے پرسکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر محمد دین کی ہدایت پر ایوان کے سابق صدر اور قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے چیئرمین عامر علی خان غوری، نائب صدر محمد عامر فاروقی اور کمیٹی کے اراکین کی جانب سے ایوان میں تاجروں کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین کمیٹی اور انکم ٹیکس وکیل آصف صدیقی نے تاجروں کو POS سافٹ ویئر اور سیلز ٹیکس سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انکم ٹیکس وکیل نے تاجروں کو آگاہ کیا کہ وہ ریٹیلرز جس کی شاپ کا سائز 1000 اسکوائر فٹ سے زائد اور بجلی کا بل 12 لاکھ روپے سال کا ہوان پر POS سافٹ ویئر کا نفاذ ہوگا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ ایف بی آر کے افسران سے ملاقات کی جائے اور مارکیٹس میں جو جرمانے کے نوٹسز بھیجے گئے ہیں ان کو رکوایا جائے اور اس سے متعلق تاجروں کو پہلے ٹریننگ پروگرام میں بریف کیا جائے تاکہ تاجروں کے درمیان جو بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے وہ اس سے بچ سکیں۔