سکھر: ہائی کورٹ نے بلدیہ اعلی  کے  26 برطرف ملازمین کو بحال کردیا

14

سکھر،12اگست (اے پی پی): سندھ ہائی کورٹ سکھر نے بلدیہ اعلی سکھر کے برطرف 26 ملازمین کو ملازمت پر بحال کردیا،ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔سندھ ہائی کورٹ سکھر میں سکھر بلدیہ اعلی کے 26 ملازمین کی جانب سے انہیں برطرف کرنے کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت ہوئی۔ پٹیشن کی سماعت عدالت کے جج جسٹس محمد جنید غفار اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل ڈبل بینچ نے کی۔

 سماعت کے موقع پر پٹیشنرزکے وکیل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ بلدیہ اعلی سکھرنے بلاجواز ان کے موکلین کو برطرف کررکھا ہے۔ عدالت انہیں بحال کرنے کے احکامات جاری کرے۔ جس پر بلدیہ اعلی سکھر کے وکیل نعیم پیر زادہ نے عدالت کو بتایا کہ ان ملازمین کا ریکارڈ چیک کیا گیاہے، یہ ملازمین بلدیہ اعلی کے بھرتی شدہ نہیں ہیں بلکہ دیگر محکموں سے بلدیہ میں آئے ہیں۔

جس پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملازمین اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے، اس لیے ان تمام ملازمین کو بحال کیا جائے۔

 واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کچھ عرصہ قبل بلدیہ اعلی سکھر کو ان ملازمین کو ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف مزکورہ ملازمین نے عدالت سے دوبارہ رجوع کیا تھا۔