ملتان، 28 اگست (اے پی پی ): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محمد ندیم قریشی نے مچھلی مارکیٹ چوک کا دورہ کیا ۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے سیوریج کے بائی پاس منصوبے کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے سیوریج منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ (54) انچ قطر کی سیوریج لائن بلاک ہونے سے شہری علاقے زیرآب آگئے تھے اور بائی پاس منصوبے کے تحت ( 350) فٹ لائن کو تھرسٹ بورنگ کے ذریعے ڈال دیا گیا ہے، دو سنکنگ مین ہولز کی تعمیر کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
ایم ڈی واسا نے کہا اب (1) سنکنگ اور (1) ایڈیشنل مین ہول کی تعمیر کا عمل جاری ہے ، میٹرو روٹ کے بائیں طرف کام دو ہفتوں میں مکمل ہو گا۔ حافظ جمال روڈ، معصوم شاہ روڈ کے علاقوں کو ریلیف دینے کیلئے باوا صفرا روڈ کی نئی سیوریج لائن چلا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مچھلی مارکیٹ چوک منصوبہ مکمل ہونے سے شہری علاقوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کا منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ملتان میں سیوریج مسائل کے حل کیلئے اربوں روپے کے فنڈز دیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اولیاء کرام کے شہر کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔