عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو متحرک ہونا ہوگا؛ چیئرمین پارلیمانی کشمیرکمیٹی شہریار خان آفریدی

61

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):پارلیمانی کشمیرکمیٹی کےچیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کاآئین قرآن و سنت کے تابع ہے، ہم انسانی ، ذاتی اور ریاستی معاملات میں تذبذب کا شکار ہیں، عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوانوں کو متحرک کرنا ہو گا۔

  وہ جمعہ کو یہاں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی  65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن میں سے بڑی اکثریت کے پاس سمارٹ فون کی سہولت موجود ہے، ایک فعال معاشرہ ہے تاہم پاکستان کی نوجوان نسل عالمی سطح پر اپنا کردارکیوں ادا نہیں کرتی۔ شاید اس کی بنیادی وجہ انہیں اپنے اس کردار کی اہمیت کااندازہ نہیں ہے۔

شہریار آفریدی نے کہاکہ دنیا میں اپنے کردار اور عمل سے ہم نے ثابت کرنا ہے کہ سبز ہلالی پرچم سے تعلق ایک اللہ اور ایک رسول پر ایمان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانی ،ذاتی اور ریاستی معاملات میں تذبذب کا شکار ہیں، ہمیں  اپنے نوجوانوں   کو عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحرک کرنا ہو گا ۔  انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ کشمیر میں بھارت مظالم کے تمام حربے استعمال کررہا ہے۔

شہریار خان آفریدی نے کہاکہ ہمیں یوم آزادی کےموقع پر یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہمارا ہر اقدام اور مفاد دھرتی ماں کے ساتھ جڑاہو،حرمین شریفین کی بات آئے تو پوری پاکستانی قوم اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر جان و مال سمیت سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار رہتی ہے، یہی ہمارا ایمان ہے۔ انہوں  نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کلیدی کردار کاحامل ادارہ ہے جس نے سٹیٹس کو  کے خاتمہ ، انتظامیہ کو پیپر لیس کرنے سمیت اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔