عمران خان کے ویژن کے مطابق مون سون میں 50 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، ملک امین اسلم

89

اٹک، 07 اگست (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق مون سون میں 50 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، پاکستان بھر میں 10ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے جس کے ذریعے ملک کو کلین اینڈ گرین بنایا جائے گا،پاکستان میں میاواکی کے طرز کے جنگلات لگائے جا رہے ہیں جن کا ماحول پر مثبت اثر مرتب ہوگا،وزیر اعظم پاکستان عمران خان 10 بلین منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ آنے والے ماحولیاتی مسائل کا سامنا کیا جاسکے، ضلع اٹک میں پلانٹ فار اٹک کے تحت سات اگست کو 7لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جس میں تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں خصوصاً سکولوں کو طلبہ وطالبات کو ”پودا میری ذمہ داری“ میں شامل کیا گیا ہے، غازی بروتھا میں کی گئی شجر کاری جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے کیا تھا کو وسعت دے رہے ہیں، وہ اٹک میں سات لاکھ پودے لگانے کے ٹارگٹ میں حصہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ اور ڈی ایف او کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اپنا بہترین کردار ادا کرتے ہوئے درخت لگا کر ماحول کوخوشگوار بنائیں،معاون خصوصی نے کہا کہ بڑی نجی کمپنیاں بھی اٹک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کا منصوبہ بنا رہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حالیہ شجر کاری مہم میں بھر پورحصہ لیں، انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے ضلع اٹک میں شجر کاری کیلئے دو بڑے پروگرام کررہے ہیں، جس طرح کلین اینڈ گرین مہم میں ضلع اٹک پاکستان میں پہلے نمبرپر آیا تھا میرا آبائی ضلع شجرکاری مہم میں بھی پہلے نمبر پر آئے گا، معاون خصوصی نے کہا کہ مون سون کے موسم میں ضلع اٹک میں 18لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ ہے اورلگائے جانے والے ہر پودے کی ماہانہ رپورٹ اور پودے کی نشوونما کی تصویر ڈپٹی کمشنر کو بھیجی جائے گی۔