نارووال،31 اگست ( اے پی پی)، صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے نارووال کا دورہ کیا ۔صوبائی وزیراوقاف پنجاب نےکمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان نے اس موقع پرصوبائی وزیر اوقاف پنجاب کو ضلع بھر میں ترقیاتی اسکیموں سمیت امن وامان ودیگر اقدامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیراوقاف پنجاب کی افسران کو ضلع کی تعمیروترقی کے لئے باہمی روابط کی پالیسی اپنانے کی ہدایت افسران مفادعامہ کے حوالے سے جاری اسکیموں کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت،کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،کام نہ کرنے والے افسران کی ضلع کو ضرورت نہیں،صوبائی وزیراوقاف پیر سعید الحسن نے ڈی سی سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دیتے ہوئےکہا کہ مفاد عامہ کی اسیکیموں میں تاخیری حربے اورغیر ضروری رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں،عوام کے فنڈزعوام پر ہی استعمال ہوں گے، اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں، افسران کو اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ بروقت اداکرناہوں گے۔وزیراوقاف پنجاب نے کہا کہ وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار کی گڈگورننس ،ٹرانسپرنسی اورسروس ڈیلیوری کے ویزن کوعملی جامہ پہناتے ہوئے محکموں سے متعلق شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں،لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو بڑھایا جائے،پرائس میکنیزم کو بہتر انداز میں فعال بنایاجائے، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو ممکن بنایاجاسکے۔صوبائی وزیراوقاف پنجاب نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب کی طرف سے صوبائی سطح پر کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔صوبائی وزیر اوقاف پنجاب نے افسران سے کہا کہ عوامی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسرنہ اٹھا رکھی جائے، کیونکہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اورمحکموں کی بہتر کوارڈی نیشن کی بدولت ہی ضلع کی ترقی خوشحالی ممکن ھے۔ انہوں نے کہا کہ افسران دلجمعی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔