اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ گھریلو تشدد بل بہت زیر بحث ہے، اسلام میں خواتین کو سب سے زیادہ حقوق اسلام نے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علما و ذاکرین ضابطہ اخلاق پر عمل کریں، طے کیا ہے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کوئی سفارش نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام ‘ملی ارتباط :مختلف مسالک کے درمیان روابط و حسن تعامل کا لائحہ عمل’ کے عنوان پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پڑوس میں تبدیلی آ رہی ہے، افغانستان میں را کے دفاتر بے نقاب ہو رہے، پاکستان ایک دن مدینہ جیسی ریاست بنے گی، سب کو آئین کی پاسداری کرنی ہے اور اس پر چلنا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو قانونی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول نے عورت کو جو حق دیا وہ کوئی اور نہیں دے سکتا، اسلام سے قبل عورت کو پائوں کی جوتی سمجھا جاتا تھا اسلام نے عورتوں کو عزت دی۔ انہوں نے نور مقدم کیس کے حوالے سے کہا کہ جو ہم کہتے تھے اب وہ سب لوگ کہہ رہے ہیں،اس ضمن میں چیف جسٹس کو ایک خط بھی لکھا ہے ،نور مقدم کیساتھ جو ہواوہ انتہائی رنجیدہ کر دینے والا ہے۔











