لاہور، 18 اگست (اے پی پی):نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے مقررہ راستوں پر سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو بہترین انداز میں مکمل کیا گیا ہے، جلوس ٹھوکر نیاز بیگ شادمان اور اندرون شہر پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوئے۔
کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے لئے وقت کی پابندی از حد لازم رہی اور اس حوالے سے منتظمین کا تعاون بھی رہا، حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کی مجالس اور تعزیہ کے جلوسوں کے لئے بھرپور حفاظتی انتظامات کئے گئے اور انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔
ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اے سیز اور بلدیہ عظمی کے زون افسران سمیت ایل ڈبلیو ایم سی لاہور پارکنگ کمپنی، ریسکیو، واسا اور لیسکو افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔
سیف سٹی کیمروں کے علاوہ اضافی کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔۔
اس سے قبل 8 محرم الحرام سے جاری علماء، آئمہ کرام اور انتظامی افسران پر مشتمل امن کارواں بس نے مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گذرگاہوں کا دورہ کیا، جو نویں محرم الحرام کو بھی جاری رہا، امن کارواں بس میں کمشنر لاہور نے خود بھی سفر کیا۔
کمشنر لاہور اور سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا مشترکہ طور پر کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار لاہور سے امن کارواں کا بابرکت آغاز ہوا ہے جس کو ہر طبقۂ فکر کے علماء نے سراہا ہے اور نثار حویلی کے متولی آغا شاہ حسین قزلباش سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ باہم متحد ہو کر امن کارواں کے ساتھ چل رہے ہیں جو کہ بین المسالک اتحاد کا مظہر ہے ۔
شادمان اور پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شام کے وقت اختتام پذیر ہوئے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے برآمد ہونے والا بڑا جلوس نماز فجر کے بعد اپنے مقررہ مقام پر پہنچا، چنانچہ عزاداران مکمل حفاظت سے مذہبی جوش و جذبے سے تعزیہ کے جلوسوں اور مجالس میں شریک ہوئے۔