لاہور 24 اگست (اے پی پی)؛لاہور جعلی دودھ کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی گئ، گجومتہ لاہور سے جعلی دودھ لانے والی گاڑی پکڑ کر 1000 لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں یوریا، فارمولین اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی، جعلی دودھ بردار گاڑی گجومتہ پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناکہ توڑ کر فرار ہورہی تھی۔انہوں نے کہا کہ بروقت کاروائی سے ڈیری سیفٹی ٹیموں نے جعلی دودھ بردار گاڑی کا مسلسل تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کو پکڑا۔
پکڑے جانے پرسپلائر نے خود ہی جعلی دودھ ضائع کرنا شروع کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی دودھ کا دھندا کرنے والے سپلائر کےخلاف مقدمہ درج کرکے موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے ۔دودھ کی مقدار میں اضافے کے لیے آلودہ پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔ملاوٹی اور ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بنتاہے۔انہوں نے بتایا کہ جدید لیکٹو سکین مشینوں سے لیس موبائل ٹیسٹنگ لیبز سے شہر میں آنے والی ہر دودھ بردار گاڑی کو چیک کیا جاتا ہے۔حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق دودھ جیسی بنیادی خوراک میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔