لاہور۔9اگست (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی 64 سالہ تاریخ میں صرف 64 کروڑ درخت لگائے گئے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے 2013 سے 2018 تک صوبہ خیبرپختوخوا میں ایک ارب درخت لگائے،لاہور کا میاواکی جنگل دنیا کا سب سے بڑا جنگل ہو گا،دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے ،آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کے لیے ہمیں درخت لگانا ہوں گے۔وہ پیر کے روز کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت سگیاں لاہو ر میں میاواکی جنگل کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پروزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان ،پی ایچ اے اور محکمہ ماحولیات کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میاواکی جنگلات سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی، کلین اینڈ گرین پاکستان ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاواکی جنگلات لگانے پر انتظامیہ اور خاص طور پر وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64 سالہ تاریخ میں 64 کروڑ درخت لگائے گئے جبکہ2013 سے 2018 تک صرف صوبہ خیبرپختوخوا میں ایک ارب درخت لگائے جس کے بعد ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کے منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ لاہور کبھی باغوں کا شہر ہوتا تھا ہم آنیوالی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کر جائیں گے، وزیراعظم نے نوجوانوں اور طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگائیں اور اس کی پرورش بھی کریں تاکہ ہم آنیوالی نسلوں کو بہتر اور صاف ماحول دے سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم کومیاواکی اربن فارسٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں ایسے 53 فاریسٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جولاہور کی فضا میں کاربن کی مقدار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، 100 کنال پر محیط جدید ٹیکنالوجی سے لگائے جانے والے اس جنگل میں مجموعی طور پر 165000پودے لگائے جارہے ہیں جو عام جنگلات کی نسبت دس گنا زیادہ تیزی سے اگتے ہیں۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے پود ا لگا کر میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کیا۔











