نارووال، 09 اگست ( اے پی پی) :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیوعائشہ غضنفر نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،محرم ہو یا سیلاب انتظامیہ تمام تر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح چوکس ہے،ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ادارے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لئے پوری تیاری رکھیں، اگر اس حوالے سے کسی محکمہ کو درپیش رکاوٹ ہو تو فی الفور آگاہ کریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122انجینئر عدنان نواز نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکو سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کی روشنی اور موجوہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ محرم الحرام میں منعقدہ مجالس اور جلوس کے حوالے سے ریسکیو 1122کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے اپنے انتظامات مکمل رکھیں اور گورنمنٹ کے ایس او پیز پر عملدآمدکرتے ہوئے تمام کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ایمر جنسی صورتحال میں مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولت کا بندوبست کیا جائےاورصرف ضروری مریضوں کولاہور ریفر کیا جائے، سی اوز میونسپل کمیٹیزمحرم الحرام میں نکلنے والی مجالس اور جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور نکاسی آب کے لئے ضروری انتظامات کریں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری مدد پہنچانے کے لئے پوری طرح تیار ہے اس حوالے سے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر ممکنہ سیلاب کی صورتحال کے بارے لوگوں کو آگاہی حاصل ہوتی رہے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122کی کارکردگی کو سراہا اور تمام محکموں کو کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122،بلڈنگ ،ہائی ویز،واپڈا،پوکیس،ڈائریکٹرلا یو سٹاک،میونسپل کمیٹیزکے علاوہ محکمہ انہار، زراعت، ہیلتھ،پولیس، ٹریفک پولیس،ایجوکیشن ودیگر افسران نے شرکت کی۔











