ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے؛ وزیراعظم عمران خان

26

اسلام آباد،04 اگست  (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے، چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار   وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں ملک میں فضلے کے انتظام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ  درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے،اس ضمن میں چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لایا جائے۔

 اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں سالانہ 30 ملین میٹرک ٹن فضلہ میونسپل سطح پر پیدا ہوتا ہے، پلاسٹک فضلہ کل فضلے کا 10 سے 14 فیصد ہے اور سال 2050 تک اس کی مقدار دوگنی ہوجائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2020 میں پیدا ہونے والے 3.9 ملین ٹن پلاسٹک فضلے میں سے صرف 30 فیصد ری سائیکل ہوتا ہے، پاکستان نے پچھلے مالی سال 2.4 ارب روپے لاگت کا 35,651 ٹن پلاسٹک درآمد کیا۔

  اجلاس میں معاون خصوصی ملک امین اسلم اور سینئر حکام نے شرکت کی۔