پولیس کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہدا پیکج پرکام ہورہا ہے؛ مراد سعید

61

اسلام آباد ،04 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات  و پوسٹل سروسزمراد سعید نے کہا ہے کہ ہماری  پولیس کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہدا پولیس کے لئے پیکج پرکام ہورہا ہے اور اس کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم شہدا پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے موٹر وے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سپاہی  سے لے کر آئی جی تک  اور فوجی جوانوں نے ملک  کے امن کی خاطر دہشت گردی  کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ایک وقت تھا کہ پاکستان میں دھماکے ہورہے تھے، ہماری پولیس  اور سکیورٹی  فورسز نے قربانیاں دیں اور  آج پاکستا ن امن کے نام سے جانا جاتا ہے، یہاں پر روزگار کے مواقع ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ آج افغانستان میں جو صورت حال ہے دشمن امن کو تباہ کرنے کے لئے نئی سازش کررہا ہے،آج جب ہم دنیا میں امن کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں تو دوسری طرف بھارت دنیا میں امن کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پاکستان نے 70 ہزارسے زائد جانوں کا  نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان دنیا میں امن کےلئے کردار  ادا کررہا ہے تو دوسری طرف بھارت دنیا میں امن کے خلاف پروپیگنڈہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے امن میں کردار ادا کرتے رہے جبکہ بھارت جھوٹا پروپیگنڈہ  پاکستان کے خلاف کررہا ہے، بھارت نے750 جعلی ویب سائٹس بنائی ہیں وہ خود دہشت گردی میں ملوث ہے،بھارت کے چالیس بینک منی لانڈرنگ  میں  ملوث  ہیں۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر آچکی ہے جو کہ بہت خطرناک  ہے  ، ہمیں احتیاط کرنی  چاہئے ، ہم نے پہلی ، دوسری اور تیسری لہر میں بہترین حکمت عملی کےساتھ اقدامات کئے جس کی وجہ سے پاکستان کو زیادہ نقصان سے دوچار نہیں ہونا پڑا، کورونا کی چوتھی لہر میں ہمیں بہت احتیاط کرنا ہوگی جیسے پاکستانی عوام نے پہلے اپنی احتیاط کی۔  انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے،سب کو این سی او سی کی گائیڈلائنز پر عملدرآمد کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں ، ہمیں این سی او سی کے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ بھارت کشمیر کی آزادی کے خلاف کبھی صحافیوں کو تو کبھی کھلاڑیوں کو آنے سے روکتا ہے،آج بھارت میں بھی  انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے،بھارت دنیا کے امن کے لئے ایک خطرہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلاتا ہے اس کا بھی مقابلہ کرنا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بلوچستان میں سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کررہا ہے ابھی وہ دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے ۔

 مراد سعید نے کہا کہ پاکستان امن کے لئے قربانیاں دے رہا ہے ، مودی کی سوچ ہندو توا کا فلسفہ نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا کے امن کےلئے خطرہ ہے، پاکستان دنیا کے لوگوں کو کہتا ہے کہ پاکستان آ کر حالات دیکھیں لیکن بھارت میں میڈیا کو اجازت نہیں، پاکستان امن کی طرف بڑھنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے جھوٹ پھیلایا گیا، افغانستان کے لوگوں سے پوچھو یہاں افغانی رہ رہے ہیں ہم نے ان کو سینے سے لگایا ہے، پاکستان نے  افغانستان میں امن کے قیام کےلئے کردار ادا کیا ہے لیکن بھارت  وہاں کا امن خراب کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے،شہداء پولیس کے لئے پیکج پر کام ہورہا ہے اور اس کو یقینی بنائیں گے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا  ہے کہ پاکستان کا ٹیررازم سے ٹورازم تک کا  سفر عمدہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس  کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں  جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں خوب نبھائیں، موٹر وے پولیس نے گذشتہ 8 ماہ کے دوران 275گمشدہ بچوں کو والدین کے حوالے کیا،مشکل ترین حالات میں بھی موٹروے پولیس نے اپنی ذمہ داری پوری طرح نبھائی ،موٹروے پولیس کو نادرا کے ساتھ ملا کر پورے ملک میں کمیونیکیشن سسٹم بہتر کررہے ہیں،آج موٹروے پولیس کی وجہ سے حادثات میں 45فیصد کمی آئی ہے،روڈ سیفٹی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کو آگہی دے رہے ہیں،ہمارے جوان ڈرائیورز کی غفلت کی وجہ سے شہید ہوئے،دوسرے صوبوں میں بھی ڈرائیونگ لائسنس سکول شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 130 ہیلپ لائن کا رسپانس ٹائم کم ہوگیا ہے۔