معیشت کی ترقی اور دولت میں اضافے کیلئے ایکسپورٹ میں اضافہ بہت ضروری ہے،مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان عمران خان

11

اسلام آباد۔2اگست  (اے پی پی): وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ کے حوالہ سے جب اجلاس ہوئے تو ہمیں پتہ چلا کہ جو سسٹم بعض اوقات سہولت کیلئے بنتا ہے وہی اگر صحیح کام نہ کرے تو رکاوٹیں پیدا کرتا ہے، اس چیز کا پہلے احساس نہیں کیا گیا تھا، ہم نے ہر ہفتے اجلاس بلا کر ان رکاوٹوں کا خاتمہ کیا ہے یہی وجہ ہے آج ہمارا تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ انٹیریئر کنسٹرکشن، الیکٹریکل و الیکٹرانکس (آئی سی ای ای) نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ آبادی کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے، اس کے باوجود ہماری درآمدات زیادہ ہیں، برآمدات کے فروغ جبکہ درآمدات میں کمی سے معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے، برآمدات بڑھانے کیلئے برآمدی شعبہ کو خصوصی مراعات دیں گے، جب تک ملک خسارے میں رہے گا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ملکی آمدنی بڑھانے کیلئے برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا اور درآمدات میں کمی لانا ہو گی، جو ملک ایٹمی ہتھیار بنا سکتے ہیں وہ چھوٹی چھوٹی چیزیں کیوں نہیں بنا سکتا، اگر ہم سہولیات دیں تو سب کچھ بنا سکتے ہیں، برآمد کنندگان سے ملاقات ہوئی ہے، ہم برآمدات میں اضافہ کیلئے برآمدی شعبہ کو مراعات دیں گے، برآمدات کے فروغ اور معاشی ترقی کیلئے چین کی مثال لائق تقلید ہے، چین نے برآمدی شعبہ کو سہولیات دیں اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز بنائے جن میں بیرون ملک سے کمپنیاں آئیں اور انہوں نے ٹیکنالوجی منتقل کی، پاکستان بھی اسی طرح آگے بڑھ سکتا ہے۔