ملتان؛ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مرکزی  تقریب ، پولیس،ریسکیو اور سول ڈیفنس کے دستوں نے  شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا

12

ملتان، 14 اگست (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی رنگا رنگ مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹھیک 9 بجے سائرن بجا کر پرچم سربلند کیا گیا، پنجاب پولیس،ریسکیو اور سول ڈیفنس کے دستوں نے  شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

 صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،سنیٹر عون عباس ڈپٹی ،کمشنر جاوید اختر محمود محمود  ڈپٹی کمشنر علی شہزاد،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری اور پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی بھی شریک ہوئے۔ ڈاکٹر اختر ملک،کمشنر جاوید اختر محمود اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا جشن آزادی ہمیں وطن عزیز کیلئے عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے پوری قوم اس دھرتی کی حفاظت کیلئے جانیں قربانیں کرنے کا عزم کرتی ہے۔

 کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ یوم آزادی بھرپور ملی جذبے کے پرامن اظہار کا دن ہے دنیا جان لے کہ کوئی طاقت اس مملکت خداداد کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ نئی نسل کو آزاد وطن کیلئے کی گئی جدوجہد یاد دلانے کی ضرورت ہے، قائد اعظم کے پیغام ایمان اتحاد اور تنظیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں  نے کہا جشن آزادی کے موقع پر ہر شہری اپنے حصے کا پودا لگاکر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

 تقریب میں ملی نغموں نے شرکاء کا جوش دوبالا کردیا ہے اور آخر میں مہمانان تقریب نے وطن عزیز کی آزادی کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا۔