ملتان، 05 اگست (اے پی پی): موٹروے پولیس ایم فائف سیکٹر وون کے سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر نے حالیہ شجرکاری کے سیزن میں دعوت اسلامی کے اشتراک سے بیک وقت ایم فائف اور ایم فور پر شجرکاری مہم کا آغاز پودے لگا کر کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ویسے بھی اس وقت پوری دنیا گلوبل وارمنگ سے متاثر ہو رہی ہے اور خاص طور پر پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو سب سے زیادہ گلوبل وارمنگ سے متاثر ہو رہے ہیں اگر ہم نے درخت نہ لگائے تو ہمارے گلیشیئرز پگھلنا شروع کردیں گے جس سے نہ صرف ہمارے ملک کی زراعت جو کہ ہمارے ملک کی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے متاثر ہوگی بلکہ ہمارے ملک میں رہنے والے افراد جانور، چرند پرند،جنگلی و آبی حیات بھی شدید متاثر ہونگی، اس لیے ہمیں اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنی ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں کیونکہ درخت ماحول دوست ہوتے ہیں۔
سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر نے کہا کہ ہم اپنے سیکٹراوچ شریف سے عبدالحکیم تک اس سیزن میں آج سے پانچ ہزار پودے لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔
ڈی ایس پی بیٹ نمبر 22 محمد حسن بھٹی نے کہا پودے ہمیں آکسیجن اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پرندوں کے لیے سایہ دار گھونسلے بھی فراہم کرتے ہیں اس کے علاوہ گرمی کی شدت کو بھی کم کرتے ہیں ہمارے وزیر اعظم عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے ۔
اس موقع پر انسپکٹر گلزار حسین نے کہا کے کے چودہ اگست کے موقع پر جھنڈیاں لگا کر عارضی طور پر ملک کو سرسبز کرنے کی بجائے پودے لگا کر مستقل طور پر پاکستان کو سرسبز بنائیں۔