ملک میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مہمند ڈیم 2025 اور بھاشا ڈیم 2028 میں مکمل ہوجائے گا ، وزیر اعظم عمران خان کاتربیلا  5 توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

15

تربیلا،12اگست  (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،10 سالوں میں 10 نئے ڈیم بنائیں گے، مہمند ڈیم 2025 اور بھاشا ڈیم2028 میں مکمل ہوجائے گا جب  تک ڈیم نہیں بنیں گے ہم پانی کو ذخیرہ نہیں کرسکتے۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو تربیلا  5 توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ 2030 تک پاکستان میں ماحول دوست بجلی بنے، تربیلا کے توسیعی  منصوبہ سے ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی، موجودہ حکومت 10 سالوں میں 10 نئے ڈیم بنائے گی جبکہ زیر تعمیر مہمند ڈیم 2025 اور بھاشا ڈیم2028 میں مکمل ہوجائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے لئے مہنگے ترین معاہدے کئے گئے جس کے نتیجے میں حکومت کو مہنگی بجلی خریدنی پڑرہی ہے، حکومت پن بجلی اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ درپیش ہے جس کے باعث دنیا کا موسم تیزی سے گرم ہورہا ہے، جیکب آباد اس وقت گرم ترین علاقہ ہے، جنگلات میں پہلے اس طرح آگ نہیں لگتی تھی جیسے اب لگ رہی ہے، روس، ترکی اور یونان میں اس طرح آگ لگی ہوئی ہے جیسے انسانی تاریخ میں کبھی نہیں لگی، اس سے قبل ایسے سیلاب نہیں آئے جیسے اب آرہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، چین مستقبل کی قبل از وقت منصوبہ بندی کرتا ہےِ، مستقبل کے لئے وقت سے پہلے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی بجلی بنائیں جس سے گلوبل وارمنگ پر اثر نہ پڑے، وزیر اعظم نے کہا کہ تربیلا کے توسیعی منصوبہ سے تربیلا ڈیم کی زندگی طویل ہوجائے گی، صرف 4 میل دور مٹی ہے جو ڈیم میں بھرجاتی ہے، اس توسیعی منصوبہ سے ڈیم میں آنے والی مٹی کو فلش کر نے میں مدد ملے گی، داسو اور بھاشا ڈیم کا وقت پر بننا بھی ضروری ہے کیونکہ اس سے تربیلا ڈیم میں مٹی کا بھرنا کم ہوجائے گا جس سے ڈیم کی زندگی زیادہ لمبی ہوجائے گی۔  وزیر اعظم نے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے پہلے ان چیزوں کا نہیں سوچا، بھاشا ڈیم بنانے کا فیصلہ 1984 میں ہوا تھا،انہوں نے سوال کیا کہ کیا ماضی میں کسی میں دور کی سوچ نہیں تھی، ماضی کی حکومتوں نے شاید پانچ پانچ سال اپنے الیکشنوں کا سوچا کیونکہ ڈیم بننے میں وقت لگتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی منصوبہ 807 ملین ڈالرز کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس کے لئے عالمی بنک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک منصوبے کی تعمیر کے لئے مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں، یہ منصوبہ 3 سال کی قلیل مدت میں 2024 تک مکمل کرلیا جائے گا، منصوبے کا بنیادی مقصد مستقبل میں تربیلا ڈیم کو مٹی بھرنے کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے، منصوبہ سے تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کے لئے پائیدار بنیاد وںپر پانی کی دستیابی جاری رہے گی۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے1530 میگاواٹ ماحول دوست اور سستی پن بجلی حاصل ہوگی، منصوبہ ہر سال نیشنل گرڈ کو ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی بجلی مہیا کرے گا جبکہ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر سے ملازمتوں کے3 ہزار   مواقع پیدا ہو ں گے۔ منصوبے کی بدولت تربیلا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ پاکستان کی پانی، خوراک اور توانائی کی اہم ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔