اسلام آباد،12اگست (اے پی پی): وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نور الحق قادری سے عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی سربراہی میں وفد نے جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، پاکستانی زائرین کے لئے عراق کے ویزوں اور سہولیات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیرمذہبی امور پیر نورالحق قادری نے وفد کاخیر مقدم کیا اور کہا کہ عراق انبیاء علیہم السلام اور صحابہ کرام ؓکی سرزمین ہے اور پاکستان کے عوام عراق سے گہری محبت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پاکستان میں عراقی سفیر کی خدمات قابل قدر ہیں، ہم عراقی حکومت کی جانب سے زائرین کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے حوالہ سے عراقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے وفد کو وزارت مذہبی امور کی بین المذاہب ہم آہنگی اور حج کے حوالے سے وزارت کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ،ایران اور عراق کے لئے پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد زیارت کے لئے جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی ذاکرین بھی بڑی تعداد میں پاکستان آتے ہیں، پاکستان کی حکومت مذہبی زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت ملک میں اقلیتوں کے ہرممکن تحفظ اور ان کے مذہبی عقائد کے مطابق عبادات کے لئے آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کراچی اور اسلام آباد سے نجف اور بغداد کے لئے پروازیں چلانے پر غور کر رہی ہے، عراقی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ اس عمل سے زائرین کو سہولت ہو گی ،ہر سال 30 سے 40 ہزار زائرین بذریعہ ایران بارڈر زیارات کے لئے جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ زائرین عراق میں موجود مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جائیں اور دونوں ممالک ان زائرین کے لئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری وزارت مذہبی امور سردار جعفر خان نے عراقی وزیر خارجہ اور وفد کو پاکستانی زائرین کے حوالےسے تفصیلات سے آگاہ کیااور اس خواہش کااظہار کیا کہ اس معاملے پر ہم عراقی حکومت کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کرنے کے خواہاں ہیں۔
عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے وزیر مذہبی امور کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے جذبات پر اظہار تشکر ادا کیا اور کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے زائرین کی زیارات کاسلسلہ بھی متاثر ہوا ہے ۔
عراقی وزیر خارجہ نے یقین دلایاکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح کے رابطوں کافروغ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ زیارات کے لئے زیادہ سے زیادہ پاکستانی عراق آئیں اور اس سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں پاکستان ہائوس کے قیام کے حوالے سے بھی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج اور عمرہ کے زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لئے مکہ اورمدینہ میں بھی پاکستان ہائوس قائم ہیں ۔ اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ کربلامیں بھی پاکستان ہائوس قائم کیا جا سکے۔
عراقی وزیر خارجہ نے وزارت مذہبی امور کے اقلیتوں کے ان کی مذہبی آزادی اور پاکستان آنے والے دنیا بھر کے مذہبی زائرین کے لئے اقدامات کو سراہا۔
وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاکہ بین العقائد ہم آہنگی کے لئے عراقی اور پاکستانی علماء کے وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہے،عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے وزیر مذہبی امور کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ اس سلسلہ میں بات چیت کا عمل آگے بڑھایاجائے گا۔











