ملک کو ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ سے بچانا ہے، ‏زیادہ سے زیادہ درخت اگانے ہیں،ہر شہر کا ماسٹر پلان بنے گا اور گرین ایریا پر کوئی تعمیرات نہیں ہوں گی، عمران خان

20

اسلام آباد۔2اگست  (اے پی پی): وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانا اور ماحولیاتی تحفظ ان کا تیسرا بڑا وژن ہے، اگر ملک کو ماحولیاتی  تبدیلیوں کے اثرات سے بچانا ہے تو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے، موجودہ حکومت کا 10 بلین ٹری منصوبہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ انٹیریئر کنسٹرکشن، الیکٹریکل و الیکٹرانکس (آئی سی ای ای) نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، ماضی میں راولپنڈی آلودگی سے پاک شہر تھا، 1914ء میں راولپنڈی میں 4 فٹ برف پڑی تھی لیکن جب راولپنڈی کنکریٹ کا شہر بن گیا تو اس سے شہر کی آب و ہوا بھی تبدیل ہو گئی، ماحول کو بہتر بنانے کیلئے شجرکاری مہم جاری ہے، شہروں میں درخت لگنے سے آلودگی میں کمی آئے گی، لاہور کو باغوں کا شہر کہا جاتا تھا لیکن لاہور میں اب آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور سرسبز علاقے ختم ہو گئے ہیں، شہر پھیلتے جا رہے ہیں، اسلام آباد پچھلے 10 سالوں میں بہت زیادہ پھیلا ہے، ہر شہر کا ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے، گرین ایریاز میں کوئی تعمیرات نہیں ہو سکیں گی، شہروں کے اندر بھی گرین ایریاز کا تحفظ کیا جائے گا۔