ہر غریب خاندان کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن، ہیلتھ کارڈ، ‏غریبوں اور چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے دیں گے،عمران خان

9

اسلام آباد۔2اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے غربت میں کمی، ملکی دولت میں اضافہ اور ماحولیاتی تحفظ کو اپنا بڑا وژن  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نظام کرپٹ ہو تو چند لوگ امیر جبکہ ملک غریب ہو جاتا ہے، قانون کی بالادستی سے ہی ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئے گی، 9 اگست کو کامیاب پاکستان پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے، پروگرام کے تحت خاندان کے ایک فرد کو تکنیکی تربیت اور بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا، ماضی میں گھر بنانے کیلئے بینک قرضے نہیں دیتے تھے، اب صورتحال بدل چکی ہے، ٹیکس محصولات کا نظام بہتر بنانے کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، برآمدات بڑھانے کیلئے برآمدی شعبہ کو خصوصی مراعات دیں گے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے، تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، قبضہ گروپوں سے سرکاری زمینیں واگزار کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ انٹیریئر کنسٹرکشن، الیکٹریکل و الیکٹرانکس (آئی سی ای ای) نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام غریب طبقہ کو سہولت فراہم کرنے کا پروگرام ہے، نچلے طبقہ کو اوپر اٹھانے کیلئے احساس پروگرام  کا اجراء کیا، کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں شروع کیا جا رہا ہے، دنیا دیکھے گی کہ کیسے ایک قوم اپنے کمزور طبقہ کو اوپر اٹھاتی ہے اس طرح کا پہلے کوئی منصوبہ پاکستان میں شروع نہیں کیا گیا، 9 اگست کو بھرپور طریقہ سے اس پروگرام کا اجراء کیا جائے گا، کامیاب پروگرام کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو تکنیکی تربیت دی جائے گی، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔