موجودہ تعلیمی نظام انتشار کا باعث اور نا انصافی پر مبنی ہے ؛ شفقت محمود

19

اسلام آباد،15اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا نصاب لایا جا رہا ہے جو ملک کے سارے سکولوں اور مدارس میں نافذ ہو گا، نجی، سرکاری اور انگلش میڈیم سکولوں میں نفاذ ہو گا، سب کیلئے یکساں نصاب ہو گا، موجودہ تعلیمو نظام انتشار کا باعث اور نا انصافی پر مبنی ہے۔

 اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ  یکساں نصاب  سے معاشرے کی تقسیم ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تعلیمی نصاب مختلف ہو تو معاشرے میں مشکل پیدا ہوتی ہے، اگر ہماری قدریں مشترک ہوں گی تو ہمارے تاثرات بھی مشترک ہوں گے اور اس سے قومیت کا جذبہ پیدا ہو  گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے ممالک میں قومی نصاب ہیں لیکن ہم نے 74 سال میں نہیں بنایا، جو ناانصافی اور تقسیم ہے اس کے خاتمہ میں مشترک نصاب ایک اہم قدم ثابت ہو گا، یکساں تعلیمی نصاب کے لامحدود اور بڑے بڑے مقاصد ہیں جب تاریخ لکھی جائے گی تو یہ قومی ترقی کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔