موسیٰ خیل،14 اگست (اے پی پی ):ملک کے دیگر حصوں کی طرح موسیٰ خیل میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی کمپلیکس سبزہ زار میں میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ایم افضل خوستی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی ایم افضل خوستی، ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسر عباداللہ شاہ غرشین ملک اختر حسن خیل پی پی پی کے ضلعی صدر ایم ظاہر خان موسیٰ خیل نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے جو قائداعظم اور ان کے رفقاء کی انتھک کوششوں کا ثمرہے۔یہ ملک بے شمار اور لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس عظیم مملکت کی تر قی کے لیے اپنا تن من دھن وقف کر دیں اور بے لوث خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
دریں اثناء الرحمن پبلک سکول موسیٰ خیل میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایم افضل خوستی ،اے سی کلیم اللہ رودی،جی ایم زمری ،حاجی سعید احمد جعفر،حافظ امیر زمان،ایکسین پی ایچ ای ایم نواز مری اور دیگر نے کہا کہ آج پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں ہم یہ عہد کر تے ہیں کہ ہم اس ملک سے ہر قسم کی برائی کا خاتمہ کر یں گے اور اسکو ایک عظیم مملکت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان بے شمار قر بانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔اس لیے تمام پاکستانی عوام اس عظیم مملکت کی تعمیرو تر قی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔قانون کا احترام کریں،معاشرے میں رواداری اور ایثار کو فروغ دیں تاکہ یہ ملک دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے۔انہوں نے کہا کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ہمار ے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر سکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریر پیش کیں اور حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔
اے پی پی / جی ایم زمری/حامد