میرپورخاص، 14اگست ( اے پی پی): ایوان صحافت میرپورخاص میں پاکستان کی یوم آزادی کی سادہ و پروقار تقریب منعقد، رات بارہ بجتے ہی کیک کاٹا گیا، قومی ترانہ پڑھا گیا، ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں، مہذب قومیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرتیں، پاکستان کی سالمیت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
شرکاء نے کہا کہ 14 اگست کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے، اسی دن ہمیں ایک آزاد وطن اسلامی جمہوریہ پاکستان ملا جو کہ اللہ پاک کی نعمت ہے، پاکستان کو وجود میں آنے کے بعد مضبوط استحکام کی ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کے لیے استحکام کی بنیاد اس کی افواج ہوتی ہیں افواج پاکستان نے پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے روز اول سے لازوال قربانیاں دیں ہیں، کیوں کہ پاک فوج کا نصب العین ہے :“ ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان انشاءاللہ قیامت تک قائم رہے گا وطن عزیز اور پاک فوج ہمیشہ سربلند رہے گی، اللہ کے یہ شیر جوان زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔
ایوان صحافت میں منعقد جشن آزادی کی تقریب میں صدر ایوان صحافت میرپورخاص سردار وارث خاصخیلی، ناٸب صدر مختیار احمد کیریو، نامور صحافی ایوان صحافت کے سینئر رکن فلک شیر، مولانا حفیظ الرحمٰن فیض صاحب اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ٍ