وزارت توانائی اور جی آئی زیڈ پاکستان نے قابل تجدید توانائی کے فروغ سے متعلق معاہدے پر دستخط کر دیئے

107

اسلام آباد۔2اگست  (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور جی آئی زیڈ پاکستان نے قابل تجدید توانائی کے فروغ اور شہروں و صنعتوں میں توانائی کے موثر استعمال پر عملدرآمد سے متعلق معاہدے پر دستخط  کئے ہیں۔ وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت 60 سالوں سے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کر رہی ہے۔1960 کی دہائی سے جرمنی مختلف ترقیاتی شعبوں میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ قومی ترجیحی پالیسیوں کی حمایت میں کلیدی شراکت دار ہے۔ توانائی کے شعبے میں دیرینہ تعاون کے تحت جی آئی زیڈ پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے درمیان عمل درآمد کے ایک نئے معاہدے پر پیر کو دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے مطابق جی آئی زیڈ پاکستان شہروں اور صنعتوں میں قابل تجدید توانائی اور توانائی کی استعداد کے موثر استعمال کے تصورات کو فروغ دے گا اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کو قومی توانائی کے موثر استعمال کے اہداف کے حصول میں مدد فراہم کرے گا۔ معاہدے کے تحت جی آئی زیڈ پاکستان جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون اور ترقی (بی ایم زیڈ) کی طرف سے شروع کردہ ساڑھے تین سالہ تکنیکی تعاون کے منصوبے پر عمل درآمد کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں میونسپل انرجی مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی کو فعال بنانا ہے۔ سیکرٹری توانائی (پاور ڈویژن) علی رضا بھٹہ اور جی آئی زیڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ٹوبیاس بیکر نے اس موقع پر توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نیکا ڈاکٹر سردار معظم اور پراجیکٹ منیجر محمد ارشاد خان سمیت متعلقہ دیگر افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی پائیدار ترقی کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ ہمارے شہروں کو پائیدار اور ماحول دوست بنانے میں جرمنی کے تجربات سے مزید سیکھنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کے شہروں اور تعمیراتی شعبے میں توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ٹوبیاس بیکر نے کہا کہ اس منصوبے سے شہری انتظامیہ کو بجلی، گیس اور پانی کے میٹرز کی نگرانی میں مدد ملے گی۔ ری سکیل پراجیکٹ حکومت پاکستان کے قومی ترجیحی شعبے، نیکا کے سٹریٹجک پلان 23 ۔ 2020 اور نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی2021 کے مطابق ہے۔ دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کے ذریعے پاکستان اور جرمنی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور ایس جی ڈیز کے حصول کے لئے شہروں اور کمیونٹیز کو سستی، قابل بھروسہ اور پائیدار توانائی تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔