کوہلو، 02 اگست(اے پی پی): ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوہلو میں بھی مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے آفیسرز کلب میں پودا لگا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کو انسانی زندگی میں انتہائی اہمیّت حاصل ہے، شجر کاری مہم کے تحت دفاتر، اسکولز، عوامی مقامات، پارکوں اور شاہراہوں پر بیس ہزار پودے لگائے جائینگے، شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گلی محلوں و دیگر مقامات جہاں پودوں کی نشوونما ہوسکتی ہے شجر کاری کرکے ماحول دوست شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر قومی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں کیونکہ پودے اور درخت شہروں کے قدرتی حسن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صاف ستھرا ماحول بھی مہیا کرتے ہیں، شجر کاری مہم کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے اور درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے درخت ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ماحول میں بگاڑ آلودگی کا سبب ہے حفظانِ صحت و ماحولیاتی تحفظ کے لئے شجر کاری مہم ضروری ہوگئ ہے











