اسلام آباد،25اگست (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں معاشی ترقی اور کاروبار ی سرگرمیوں میں بہتری پر توجہ دی ہے، مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے سرمایہ کاری کی شرح کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام کاروباری آسانیوں کی اصلاحات کے7ویں منصوبہ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اقتصادی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی ہے جبکہ جی ڈی پی کے تناسب سے سرمایہ کاری کی شرح میں اضافہ بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کےدوران پاکستان چند ممالک میں شامل ہے جس نے وبا کی روک تھام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشرے کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے بہتر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاروباری آسانیوں کے فروغ کی حکمت عملی کے تحت کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ان کو سہولیات کی فراہمی تک آسان رسائی پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2 سال پہلے کے مقابلہ میں پاکستان میں کاروباری برادری کی توقعات میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے حکومت کے اقدامات پر کاروباری طبقہ کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقدمات سے برآمدات کے ماحول اور سرمایہ کار ی کے حوالہ سے اعتماد بڑھا ہے جو کاروباری آسانیوں کی اصلاحات کے ایجنڈا سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ کی جامع کوششوں سے ای او ڈی بی کے انڈیکس میں بہتری آئی اور ہماری درجہ بندی بہتر ہوئی جو کہ باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر 3 سال پہلے کے رجحانات کا جائزہ لیں تو صنعتیں بند ہو رہی تھیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت کے مؤثر اقدامات سے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ برآمدات میں اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے معاشی شرح نمو کو مستحکم بنانا ہے تاکہ اس کی بڑھوتری کےتواتر کو جاری رکھا جا سکے۔
مشیر تجارت نے کہا کہ قومی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے تاہم درآمدات میں اضافہ کے بعض چیلنجز کا سامناہے جن پر قابو پا کر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جامع معاشی حکمت عملی کے تحت برآمدات کے اضافہ پر توجہ دے رہی ہے جس سے گزشتہ مالی سال کے دوران قومی درآمدات میں نمایاںاضافہ ہوا ہے اور مینوفیکچرنگ سمیت قومی معیشت کے مختلف شعبوں کی برآمدات بڑھی ہیں تاہم اس دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں 47 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رواں مالی سال 2022 کے دوران برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ حکومت ٹیرف میں مسابقت اور کاروباری اخراجات میں کمی کے حوالے سے بھی اقدامات کررہی ہے جس سے کاروباری ماحول میں مزید بہتری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کی بڑھوتری کے لئے خام مال کی برآمدت پر مراعات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری آسانیوں کی اصلاحات کے7ویں منصوبہ سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں مزید بہتری ہو گی۔ انہوں نے اس امید اور اعتماد کا اظہار کیاکہ رواں مالی سال کے دوران قومی معیشت کی ترقی کے مقررہ اہداف حاصل کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں اضافہ کے لئے مزید سہولیات بھی دیں گے۔











