گیس   کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے 150 سے 250 ایم ایم سی ایف مزید گیس معیشت میں آئے گی ، سیکرٹری پٹرولیم

31

اسلام آباد،25اگست  (اے پی پی):سیکرٹری پیٹرولیم نے پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی  کو بتایا ہے کہ گیس   کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے 150 سے 250 ایم ایم سی ایف مزید گیس معیشت میں آئے گی ، تاپی گیس منصوبہ 10 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے،  اس کا  ڈیزائن تقریباً تیار ہے، گیس کی سٹوریج کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں توقع ہے کہ ان اقدامات سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پی اے سی کے چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا۔

 اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کے2020.21 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں چیئرمین نے کہا کہ انرجی کا شعبہ  اہم ہے اس حوالے سے صلاحیت میں اضافہ ہونا چاہئے تھا ۔ نئے ٹرمینل نہ لگانے سے کتنا نقصان ہوا آڈٹ کو یہ دیکھنا چاہیئے۔ اس کا تمام تر  بوجھ  صارفین پر پڑتا ہے ۔ بھاری بھاری تنخواہیں لینے والے ملازمین کام نہیں کر رہے ،بے قاعدگیاں سامنے آرہی ہیں ،سب کیا دھرا ان لوگوں کا ہے مگر سارا الزام حکومت اور سیاست دانوں پر آتا ہے ۔ ایل این جی کی درآمد کے سلسلے میں نقصانات کے حوالے سے تین آڈٹ اعتراضات یکجا کر کے جائزہ لیا گیا ۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ ایل این جی کی خریداری بروقت نہ ہونے سےنقصان  اٹھانا پڑا ہے ۔

 رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس حوالے سے میکنزم بننا چاہئے ۔ پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے  پی اے سی کو ایل این جی اور ملک میں گیس کی کھپت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کے کارخانوں ، عام گھریلو صارفین کھادوں ،سیمنٹ کے کارخانوں اور ایکسپورٹ کی صنعت 300 ارب ڈالر کی معیشت کے لئے 4000 سے 4600 ایم ایم سی ایف گیس فروخت ہو رہی ہے ۔

پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت کھادوں کے کارخانوں کو انتہائی کم قیمت پر گیس فراہم کی جا رہی ہے یہ گیس کی نصف قیمت بنتی ہے ۔  خواجہ آصف نے کہا کہ میں 20 سال سے احتجاج کر رہا ہوں کہ یہ تو بالکل مفت گیس دی جا رہی ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ تو سیدھا سیدھا مالکان کی جیبیں بھرنے کے مترادف ہے ۔ یہ ایک مافیا ہے ۔ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ چیئرمین کی مافیاز کے حوالے سے بات درست ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا بعض کھاد کے کارخانے گیس خود بھی پیدا کر رہے ہیں ۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ ایک ایم ایم سی ایف گیس سے 5 میگا واٹ بجلی پیدا ہوتی ہے ۔ پی اے سی کے ارکان نے کہا کہ فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے پر اس لئے مجبور ہیں کیونکہ یہ بھی ایک مافیا ہے۔  پی اے سی کے استفسار پر پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ کھاد کارخانوں کے ساتھ معاہدے پرانے ہیں ۔ تین معاہدے ختم ہو چکے ہیں جبکہ اینگرو اور ایف ایف سی کے ساتھ معاہدے برقرار ہیں ۔ چھ چھ سو ایم ایم سی ایف کے دو نئے ٹرمینلز لگ گئے ہیں  دو اور لگائے جارہے ہیں ۔ نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن کا روس کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا منصوبہ ایڈوانس  سٹیج پر ہے ۔ ہمارے پاس سٹوریج کی صلاحیت نہیں ہے ۔ قطر سےبرینٹ کے  10.2 فیصد  کے حساب سے گیس خریداری کا معاہدہ ہوا ہے ۔ سپاٹ خریداری میں فائدہ ہی فائدہ ہے ۔ پی ایس او اور پی ایل ایل دونوں ریاستی ادارے ہیں ۔ یہ دونوں ادارے اس وقت تک خریداری نہیں کر سکتے جب  تک ان کے پاس پیسہ نہیں ہوگا ۔ ان دونوں اداروں کو گیس کی بڑی ڈیمانڈ سوئی ناردرن سے ملتی ہے ۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ دونوں ریاستی کمپنیاں نقد گیس خرید کر ادھار پر فروخت کریں ۔ پی ایس او 130.پی ایل ایل 110 ارب اور سوئی ناردرن 400 ارب سے زائد کے مقروض ہیں ۔ ہماری سٹوریج صلاحیت بالکل نہیں ہے ۔ ہمارے ہاں  ایک سردی کے موسم سے ملک کو 35 ارب روپے  کا جھٹکا لگتا  ہے ۔ سالانہ ڈیلوری پلان ہر سال ستمبر میں تیار ہوتا ہے اور جنوری میں اس پر عمل درآمد شروع ہوتا ہے ۔ پاور منسٹری گیس کی ڈیمانڈ پیٹرلیم ڈویژن کو دیتی ہے دونوں شعبے ایک ہی وزارت کے حصے ہیں ۔ بعض اوقات پاور ڈویژن کے پاس گیس کا خریدار ہی نہیں ہوتا اور پھر یہ گیس مجبورا اس شعبہ کو دینی پڑتی ہے جہاں سے بل ہی نہیں آتا ۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ پاور اور پیٹرولیم ڈویژن کا تعلق صرف اور صرف ٹیک اور پے کا ہونا چاہیئے۔ ڈیموں میں کم پانی ظاہر کر کے فرنس آئل سے بجلی بنانے کی راہ ہموار کی جاتی ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ٹوٹیاں لگا کے تیل چوری کرنے والا مافیا وار لارڈ کی حیثیت رکھتا ہے ۔ سیکرٹری پیٹرولیم ڈاکٹر ارشد نے کہا کہ ہمیں خریداریوں کے ضمن میں پیپرا رولز کا خیال کرنا پڑتا ہے ۔ ان قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری آن سپاٹ خریداریوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہمیں لا آف دی لینڈ کے تحت خریداریوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہم نے پیپرا  بورڈ سے بھی رجوع کیا ہے ۔ اب ہمیں پیپرا سے اجازت مل گئی ہے کہ ہم ایک ہی دن میں خریداری کر سکیں گے ۔ بعض اوقات سپلائر بھی لانگ ٹرم معاہدے سے لالچ میں آکر مکر جاتا ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمارے گیس کی خریداری کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے دماغوں کو بروقت خریداری کی کوشش کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔اس شعبہ میں مافیاز میں سے بعض لوگوں کے اربوں ڈالرز کے ڈیکلئیرڈ اثاثے ہیں ۔ سیاستدان کا نام ہی بدنام ہے ۔ منزہ حسن نے کہا کہ ان چند ارب پتیوں نے ریاست کو مقروض بنایا اور خود ارب پتی بن گئے ۔ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ایل پی جی بھی ایک مافیا ہے ۔ گرمیوں میں گھریلو سلنڈر 2200 کا ہو گیا ہے ۔ پی اے سی نے ہدایت کی کہ نقصانات کم کرنے کے لئے گیس ٹرمینلز کی 1200 ایم ایم سی ایف کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے ۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے 150 سے 250 ایم ایم سی ایف مزید گیس معیشت میں آئے گی ۔ تاپی گیس منصوبہ 10 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے اس کا  ڈیزائن تقریباً تیار ہے ۔ گیس کی سٹوریج کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں توقع ہے کہ ان اقدامات سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔