وزیراعلی عثمان بزدار کی دعوت پر تونسہ کے سرکاری سکولز کی طالبات کا لاہور کا مطالعاتی دورہ

21

لاہور،18اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی دعوت پر پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے تونسہ کی طالبات نے لاہور اور وزیراعلیٰ آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ آفس آمد پر طالبات کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا اور وزیراعلیٰ آفس کے دروازے ان کے لئے کھول دئیے گئیے۔ طالبات کو مرکزی کمیٹی روم میں صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کی مخصوص نشستوں پر بٹھایا گیا اور وزیراعلیٰ آفس اور ڈرائنگ روم کا بھی وزٹ کرایا گیا۔

گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ سٹی گرلز ہائی سکول تونسہ کی طالبات اور اساتذہ  سےملاقات کے دوران عثمان بزدار نے طالبات سے خصوصی شفقت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ بھی سرکاری سکولز کے طلباء و طالبات کو باقاعدگی سےمطالعاتی دورے پرلاہوربلایا جائے گا اور میں خود بھی طلباء و طالبات سے ملاقات کیاکروں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پسماندہ اضلاع کے سرکاری سکولز کے طلباء و طالبات کو مطالعاتی دورےکی پہلے دعوت دی جائے گی تونسہ سے آنے والی طالبات میری بیٹیاں ہیں، مل کر بہت خوشی ہوئی اور پنجاب کی دور آفتادہ  تحصیل سے آنے والی طالبات کی مہمان نوازی ہمارا اعزاز ہے تونسہ شہر میں سڑکیں اور پارکوں کی بحالی اور مرمت کر رہے ہیں ایجوکیشن پر پاکستان تحریک انصاف کا پورا فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ تونسہ میں یونیورسٹی کا جلد آغاز کر دیا جائے گاجبکہ فورٹ منروکیڈٹ کالج کے ادھورے منصوبے کو بھی ہم مکمل کر رہے ہیں تونسہ اور پسماندہ علاقوں میں ٹیچرز کی کمی پوری کرنے کے لئے بھرتی کے قواعد و ضوابط  میں نرمی کر رہے ہیں اورپسماندہ علاقوں میں بھرتی کے لئے مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی طلباء و طالبات  کیلئے رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کا بھی آغاز کیا گیا ہے، ہم خدمت کے جذبے کے ساتھ نیک نیتی سے عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے طالبات سے کہا کہ آپ کو نصیحت ہے کہ دل لگاکر تعلیم حاصل کریں اور محنت کریں میرا ایمان ہے کہ محنت کا پھل ضرور ملتا ہے،آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں لگن اور جذبے سے آگے بڑھیں، منزل قریب آ جائےگی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے بچے قابلیت میں کسی سے کم نہیں اور ہم سرکاری سکولوں کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔

طالبات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جتنا پروٹو کول اور عزت دی گئی ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

ایک طالبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بنائے ہوئے روڈ پر سفر کرتے ہیں اور دعائیں دیتے ہیں، میں وزیراعلیٰ آفس دیکھنے والی اپنے خاندان میں پہلی لڑکی ہوں وزیراعلیٰ آفس آکر اعتماد ملا، عزت افزائی پر مشکور ہیں۔

طالبات کے ہمراہ آنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ سرکاری سکول کے بچوں کو وزیر اعلیٰ آفس بلا کر عثمان بزدار نے بہترین روایت قائم کی۔

اس موقع پر طالبات کو ثقافتی، سماجی اور سرکاری امور سے متعلق دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں اور سیکرٹری سکولز  ایجوکیشن، ڈی جی پی آر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔