اسلام آباد، 23 اگست (اے پی پی ): وزیرِ اعظم عمران خان نے دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2020 کے دوران پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقع کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔
یہ ہدایت وزیراعظم نے پیر کو دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2020 میں پاکستان کی شرکت اور اس حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر جائزہ اجلاس کی صدرارت کرتے ہوئے دی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کی متحرک شمولیت سے ایکسپو کے دوران اہم صوبائی منصوبوں کو اجاگر کیا جائے اور تمام صوبائی حکومتیں ایکسپو کے حوالے سے تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دے ۔
انہوں نے کہا کہ راوی ریور پراجیکٹ، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ جیسے منصوبوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقہ جات میں سیاحت، ملکی معدنی وسائل، آئی ٹی اور مذہبی سیاحت کے فروغ اور ان شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس بین الاقوامی ایکسپو میں پاکستان کی بھرپور شرکت سے جہاں بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا جائے گا وہاں تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکسپو کا آغاز یکم اکتوبر 2021سے ہوگا جو چھ ماہ مسلسل جاری رہے گی۔ وزیر اعظم کو پاکستانی پویلین اور اس کے مختلف حصوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان، چیف ایگزیکٹیو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی و دیگر سینیئر افسران شریک ہوئے ۔











