وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے اصول کو آگے بڑھارہے ہیں، ملک میں عدل و انصاف اور طاقتور کو قانون کے تابع پارہے ہیں؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

29

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 14 اگست پر اسی عزم کو دہرانا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینوں  کے  ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان ریاست مدینہ کے اصول کو آگے بڑھارہے ہیں، ملک میں عدل و انصاف اور طاقتور کو قانون کے تابع پارہے ہیں، میڈیا کی ترقی کے لئے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے ) پرتمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، پی ایم ڈی اے حقیقی معنوں میں میڈیا کی ترقی کے لئے ہے ، 90لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، اوورسیز پاکستانیوں نے ایک سال کے دوران ساڑھے 29ارب ڈالر ترسیلات زر پاکستان بھجوائیں ۔

 وہ جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں ملی نغمہ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر  رہے تھے ۔ملی نغمہ جرمن پریس کلب اور کے ٹو گروپ آف پبلیکشنز کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج کا پروگرام اہمیت کا حامل ہے،90 لاکھ اوورسیز پاکستانی عملی طور پرملک سے دور لیکن ان کے دل  پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے قدرتی آفات سمیت ہر مشکل میں پاکستانیوں کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کی مختلف پارلیمنٹ کا حصہ ہیں لیکن جب بھی پاکستان  پاکستان کی بات آتی ہے تو یہ سب پاکستان کے بیانیے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ایک سال کے دوران 29بلین ڈالر ترسیلات زر پاکستان بھجوائے، ہوم آزادی کی مناسبت سے اس تقریب کے ذریعے اورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اسکے ساتھ ساتھ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے جارہے ہیں، سپریم کورٹ کا بھی فیصلہ ہے،اورسیز پاکستانیوں کو قومی دھارے میں لاکر انھیں جمہوری عمل کا حصہ بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے احترام میں یوم آزادی کی تقریبات سادگی سے منا رہے ہیں،ملک کے کمزور طبقے کا سہارا ریاست بن رہی ہے۔

 وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،مودی نے آر ایس ایس نظریے کے تحت مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب ے بڑی جیل بنا دیا ہے، 14 اگست پر اسی عزم کو دوہرانا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینوں  کے  ساتھ کھڑے ہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کے اصول کو آگے بڑھارہے ہیں، ملک میں عدل و انصاف اور طاقتور کو قانون کے تابع پارہے ہیں۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون اور میڈیا ورکرز کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیں، صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام میں شامل کررہے ہیں، اس سے صحافیوں کو پائوں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر کام کررہے ہیں، صحافیوں، مالکان، ایڈیٹرز سمیت ہر سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لے رہے ہیں، میڈیا کمپلینٹ کونسل بنا رہے ہیں، صحافتی تنظیموں کو بھی اسکا حصہ بنائیں گے۔