اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا،موجودہ حکومت نے معیشت بہتر کرنے کیلئے متعدد اقدامات کیے،غریب اور متوسط طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے متعدد اقدامات کیے،پی ٹی آئی حکومت پانی کے ذخائر اور ڈیمز بنانے پر کام کر رہی ہے،ماحولیات کے حوالے سے بھی دنیا نے ہمارے اقدامات کو سراہا، عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ان تین سالوں میں ہر شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے ثمرات براہ راست عوام کو پہنچ رہے ہیں ۔ وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ صحت کے حوالے سے بھی حکومت نے عوام کو سہولیات دیں،پہلی بار حکومت عوام کے پاس جا کر ان کے مسائل حل کر رہی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری حکومت کے انقلابی پرگراموں میں صحت انصاف کارڈ کا اجراء بھی شامل ہے ، اس سے نہ صرف سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولت ملی بلکہ کورونا وائرس پر بھی قابو پانے میں مدد ملی ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کے تین سالوں میں ٹیکسٹائل شعبے برآمدات میں بھی مثالی اضافہ ہوا ہے ، تین سالہ معاشی خوشحالی میں 15.40ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے مکمل تحفظ کے لئے قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ۔ ہمارے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لئے ووٹ کا حق دینا اور انکو جمہوری عمل کا حصہ بنانا ایک اہم ترجیح رہی ۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ صحافیوں کے معاشی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پی ٹی آئی نے پہلی دفعہ جمہوری عمل میں یہ روایت ڈالی کہ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے ،آج الحمد اللہ تیسرے سال کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی اصلاحات میں متعدد اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دے،پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے،پی ڈی ایم کی تمام تحریکیں عوام کے بجائے این آر او کیلئے تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا۔











