کراچی،10اگست (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے۔ کراچی شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے نظام کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا پیسہ بچے گا جو کام پہلے ہمیں دوسرے ممالک سے کرانا پڑتا تھا اب وہ یہاں پرہو گا۔ اس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی یہ سہولیات فراہم کریں گے۔
منگل کو کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 50 سال پہلے ترقی کے جس سفر پر گامزن تھا بدقسمتی سےبعد کے سالوں میں وہ برقرار نہ رکھ سکا اور ہم نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے ، خودانحصاری اور آگے بڑھنے کی بجائے دوسرے پر انحصار شروع کردیا ، ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا اور سہارے تلاش کر لئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ جو قومیں مزاحمت نہیں کرتیں وہ کبھی بھی اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر جو بھی قوم چلے گی وہ ترقی اور کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آپ ﷺ نے غیر ملکی سربراہان کو خطوط لکھے تو ان سے امداد نہیں مانگی بلکہ انہیں اللہ کاپیغام پہنچایا اور خود دار قوم کھڑی کرکے انسانی تاریخ کادھارا بدل دیا، آپ ﷺ کی تشکیل دی ہوئی قوم نے دنیا کی امامت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو چکی ہے ۔کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم سے کم ہو گیاہے۔ اب چیلنج یہ ہے کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہو گی کرنٹ اکائونٹ پر دباؤبڑھے گا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس منصوبے سے پاکستان ڈالر کمائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت برآمدات بڑھانے اور منی لانڈرنگ روکنے پرتوجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں پرزور دیا کہ اپنی ترسیلات بینکنگ چینل سے بھیجیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صاحب اقتدار لوگ پیسے چوری کر کے باہر بھیجتے تھے ہم نے اس سلسلہ کو روکنا ہے اور خود انحصاری پر توجہ دینی ہے اور ہم اس راستے پر گامزن ہو چکے ہیں۔
تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزراء اسد عمر، زبیدہ جلال، علی زیدی بھی موجود تھے۔











