پاکستان کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم عمران خان کی صوبائی چیف سیکرٹریز اور ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ورچوئل اجلاس  میں ہدایت

23

اسلام آباد،03اگست(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پولیو پر قابو پانے کے لیے صوبائی چیف سیکرٹریز اور 22 ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ورچوئل اجلاس کی منگل کو صدارت کی۔ ان اضلاع میں پنجاب میں 3 (لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد)، سندھ میں 8 (کراچی ڈویڑن کے تمام اضلاع اور کمبر)، خیبر پختونخوا میں 5 (خیبر، بنوں، پشاور، لکی مروت اور جنوبی وزیرستان)، بلوچستان میں 5 (کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، ڑوب ،مستونگ) اور اسلام آباد شامل ہیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ مزید یہ بات بھی قابل اطمینان ہے کہ 2021 میں صرف 14 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت پائے گئے جو گزشتہ سال 56 فیصد تھے۔ اس لیے فی الحال ہمارے پاس ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ایک نادر موقع ہے، اگلے 6-12 ماہ اس حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔

 وزیراعظم نے تمام ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کو پولیو کی عفریت سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے۔

ٹیں۔