پنجاب میں ایڈزبیماری کے شکار مریضوں کو تشخیص،ادویات اور علاج کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہے ؛ڈاکٹریاسمین راشد

17

 

لاہور،6اگست(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ پنجاب میں ایڈزبیماری کے شکاررجسٹرڈ مریضوں کو تشخیص،ادویات اور علاج کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہے،پنجاب میں ایڈز،ہیپاٹائٹس اور ٹی بی بیماریوں کی سکریننگ کا دائرہ کاروسیع کیاجارہاہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اپنے دفترمیں یواین ڈی پی کے دورکنی وفدسے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشداور یواین ڈی پی کے وفد کی پنجاب میں ایڈزبیماری پر قابوپانے کیلئے حکومتی اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ریزیڈنٹ نمائندہ یواین ڈی پی پاکستان آلیونا نیکولیتانے پنجاب میں کوروناکامقابلہ کرنے اورایڈزبیماری کا شکارمریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے محکمہ صحت کی کاوشوں کوسراہا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایڈزبیماری کاشکاررجسٹرڈ مریضوں کو تشخیص،ادویات اور علاج کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے زیرانتظام پنجاب ایڈزکنٹرول پروگرام ایڈزکے مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کابھی پوری طاقت سے مقابلہ کررہے ہیں،صوبہ بھرمیں ویکسی نیشن کو بڑھادیاگیاہے،کورونانے پاکستان سمیت پوری دنیامیں جینے کے اندازبدل کر رکھ دئیے ہیں،پنجاب میں کوروناایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمدکروارہے ہیں۔

اس موقع پرریزیڈنٹ نمائندہ یواین ڈی پی پاکستان آلیونا نیکولیتانے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کوروناکابہترین حکمت عملی کے تحت مقابلہ کرنے پر پاکستان خصوصاً پنجاب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،پنجاب میں ایڈزبیماری کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے۔