پیپلز پارٹی کی جانب سے کارکنان کے ذریعے سیاسی قائدین پر حملے کروانے کا عمل قابل مذمت ہے؛ سید زوالفقار علی شاہ

21

ٹنڈو محمد خان،13 اگست (اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف سینٹرل ریجن حیدرآباد سندھ کے جنرل سیکرٹری سید زوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں کا وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم پر حملہ ، تحریک انصاف پر حملہ ہے، ہم ارباب غلام رحیم پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے کارکنان کے ذریعے سیاسی قائدین پر حملے کروانے کا عمل قابل مذمت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ تحریک انصاف سینٹرل ریجن حیدرآباد سندھ کے جنرل سیکرٹری سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ سندھ اگر اپنی زبان کے پکے ہیں تو حملے میں ملوث پیپلز پارٹی کے افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے، بصورت دیگر ٹنڈو محمد خان سمیت ملک بھر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم پر جمعرات کی شب ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کے منشیات فروشوں اور دہشتگردوں نے حملہ کیا جوکہ قابل مذمت عمل ہے، اس طرح کی کارروائیاں پر امن سیاسی عمل متاثر کریں گی۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ  ٹنڈو محمد خان ایک پر امن سیاسی شہر ہے، یہاں کی سیاست میں تشدد کو شامل کر نا لمحہ فکریہ ہے، اگر پیپلز پارٹی نے اپنا رویہ نہ بدلہ تو تحریک انصاف کے کارکنان بھی پیپلز پارٹی کے قائد بلاول زرداری سمیت وزیروں و رہنماؤں کا گھیراؤ کریں گے،ان کا منشیات فروشوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ پیپلز کے کارکنان ٹنڈو محمد خان سے منشیات کی آڑ میں 60 لاکھ روپے ماہانہ آمدنی وصول کرتے ہیں، تحریک انصاف عاشورہ کے بعد ضلع بھر سے منشیات فروشوں اور ان کی سپورٹ کرنے والوں کا خاتمہ کر دے گی۔

 تحریک انصاف کے رہنما سید ذوالفقار علی شاہ نے بالا حکام سے اپیل کی کہ وہ واقع کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار کر کے ان کی پارٹی وابستگی کو ختم کریں بصورت دیگر ٹنڈو محمد خان سمیت ملک بھر میں سخت احتجاج کیا جائے گا۔