پی ڈی ایم سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے اس کی دھمکیوں میں یا بلیک میلنگ میں آئیں گے نہ کسی کو این آر او دیں گے؛وزیرمملکت فرخ حبیب

29

فیصل  آباد،22اگست  (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے پی ڈی ایم کی جانب سے اجلاسوں پر اجلاس اور احتجاج کی دھمیکیاں ہمیں مرعوب نہیں کرسکتیں کیونکہ پی ڈی ایم سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے،ہم اس کی بیلک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور  نہ ہی کسی کو این آر او دیا جائے گا ، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ بلا مقصد احتجاج میں اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے پارلیمنٹ میں آکر اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ حقیقی جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائے جاسکیں۔

 اتوار کی سہ پہر نور فاطمہ ہاؤس امین ٹاؤن فیصل آباد میں بلین ٹری پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بغیر دیکھے اور بلا سوچے سمجھے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کی مخالفت کررہی ہے اورچاہتی ہے کہ ماضی کی طرح ووٹوں کی خرید وفروخت کرے،بیلٹ پیپر اور بیلٹ بکس چرائے اور بعد ازاں خود بیلٹ پیپرز پر ٹھپے پر ٹھپے لگا کر بیلٹ بکس بھر دے اور دھونس دھاندلی کے ذریعے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم  سمجھتے ہیں کہ جو اورسیز پاکستانی بیرون ممالک سے سالانہ30ارب ڈالر کی ترسیلات زرمبادلہ مبادلہ میں بھیج رہے ہیں ہم انہیں کس طرح ووٹ کے حق سے محروم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دراصل اپوزیشن کا الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی مخالفت کا ایک مقصد اپنے سیاسی آقاؤں کو این آر او اور احتساب سے بچانا ہے لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ کیا ہم نے انہیں کہا تھا کہ وہ منی لاڈرنگ کریں جعلی ٹی ٹیز بنائیں اور بوگس اکاونٹس بنا کر ملک کا اربوں روپیہ لوٹ کر ان میں ٹرانسفر کریں لہٰذا اگر انہوں نے یہ سب کچھ کیا ہے تو ان کو اس کا حساب دینا اور احتساب کے عمل سے گذرنا ہوگا۔

 وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے اس لیے جن پر کرپشن کے الزامات ہیں اور وہ خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں وہ اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر سیاسی بے روزگاروں کے ٹولے کے اپنے مسائل ہیں جن کیلئے وہ ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں مگر انہیں ملکی تعمیر وترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دی جائے گی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارلیمانی اصلاحات کاحصہ بننا اور آئندہ انتخابات کو ہر حال سے شفاف دیکھنا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ٹھپہ مافیا کا حصہ اور ڈبے اٹھانے،بیلٹ پیپر چرانے والوں کا گروہ ہے جو بیلٹ بکس،بیلٹ پیپر چوری کرنے والے نظام کو مضبوط کرنا چاہتی ہے لیکن اب عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خاں ہر جگہ نیوٹرل امپائر کے حامی ہیں جنہوں نے پہلے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر کو متعارف کرایا اور اب انتخابات میں نیوٹرل ایمپائر لارہے ہیں تاکہ سب کو ووٹ کا حق ملے۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت خطہ میں امن کی خوا ہاں  ہے اور چاہتی ہے کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں ایسی متفقہ حکومت بنے جو سب کیلئے قابل قبول اور مستحکم افغانستان کی ضامن ہو تاکہ خطہ میں امن وسکون کی فضا بحال ہوسکے جو سب کے فائدہ میں ہے کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 80ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا،160ارب ڈالر کی اکانومی کا نقصان کیا،50لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی جن میں سے30لاکھ افغان مہاجرین اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کو کوششوں کیلئے بہت کچھ کیا ہے ۔

 وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مودی نے افغانستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی مگر اس نے دہشت گردی کے بیج بوئے اور امن کو کوششوں کوسبوتازکیا مگر اس کے پاس افغانستان سے دم دبا کر بھاگنے کے سوا کوئی چارہ نہ بچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر طرح سے امن بحال ہوچکا ہے اور عالمی کرکٹ بھی دوبارہ فروغ پا رہی ہے اسلئے وہ پی سی بی سے بات کریں گے کہ وہ پی ایس ایل سمیت دیگر انٹرنیشنل میچز فیصل آباد میں منعقد کرائیں تاکہ فیصل آباد کوبھی انکی میزبانی کا شرف حاصل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کلین اینڈ گرین پرگرام کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں اور ماحولیاتی تغیریات دنیابھر کی طرح پاکستان کو بھی برح طرح متاثر کررہی ہیں اسلئے چونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے انسانوں کو سانس لینے کیلئے آکسیجن اور صاف شفاف فضا کی ضرورت ہے اس لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اسی لئے عمران خان بذات خود ٹین بلین ٹری سونامی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں  اور ملک بھر میں درخت لگانے کاسلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ اس مہم کے دوران کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے گئے ہیں اور گزشہ روز صرف گوجرانوالہ میں سکولوں کے بچوں نے ایک ہی وقت میں 50ہزار پودے لگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا عمران خان کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کوششوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عالمی کانفرنس کی میزبانی کا شرف پاکستان کو بخشنا بھی ایک اعزاز ہے۔

فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین سونامی کیلئے حکومتی اقدامات دیکھ کر لوگ دھڑا دھڑ اس جانب راغب ہو رہے ہیں۔اور ہر جگہ شجر کاری کی جارہی ہے اور اب پی ایچ اے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر محکموں کو بھی اس میں شامل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے خلاف اقدامات کرنے والے ممالک کی صف اول کی فہرست میں شامل ہے اور اس کی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا عوامی شعور اجاگر کرنا  ہےکیونکہ انہوں نے ہمیشہ شجر کاری پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں شہروں کی توسیع کرتے ہوئے گرین ایریا ز کو محفوظ رکھنا ہو گاکیونکہ اسی میں ملک کی بقا کا راز مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے عالمی دن کو تقریب کی میزبانی ملنے سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق زمین کا کم ازکم دس فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہونے چاہئے لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم گلوبل وارمنگ اور کلائیمیٹ چینج کا مقابلہ کرنے کیلئے نہ صرف جنگلات کے رقبہ میں اضافہ بلکہ نئے جنگلات کے لگانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر تقریب میں صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال کاسترو،ایم پی اے اجمل چیمہ، میاں اجمل فاروق ڈائریکٹر نور فاطمہ گروپ،خرم مختار،میاں جاوید ستارہ گروپ، سی ای او نور فاطمہ گروپ حاجی محمد سیلم میاں آفتاب، شیخ شاہد جاوید، وحید خالق رامے و دیگر صنعتی،سماجی اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مہمانوں کے ہمراہ نور فاطمہ ہاؤس میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے۔