چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دو روزہ دورے پر چاغی پہنچ گئے، مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا

40

چاغی،10 اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دو روزہ دورے پر اپنے آبائی علاقے چاغی پہنچ گئے جہاں انہوں نے 103 کلومیٹر طویل نوکنڈی ماشکیل شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھا، اس منصوبے  کی نقاب کشائی کے بعد این ایچ اے حکام نے انھیں بریفنگ دی۔چیئرمین سینیٹ نے نوکنڈی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے گھٹ واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح بھی  کیا۔

 اس موقع  پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ  ایرانی صدر نے بلوچستان سے متصل پاک ایران سرحد پر چھ تجارتی گزرگاہ کھولنے کا اعلان کیا ہے جس سے صوبے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چاغی اور واشک ضلع کو گوادر سے منسلک کرکے ان علاقوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ واشک سے گوادر تک 198 کلومیٹر کی شاہراہ تعمیر کی جائے گی جبکہ 103 کلومیٹر طویل ماشکیل نوکنڈی شاہراہ پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ اگلے پی ایس ڈی پی میں چاغی کے لیے مزید پانچ ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاغی میں اس وقت بیس ارب روپے کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جن میں نوکنڈی میں ایک عالمی معیار کی منرل ریسرچ یونیورسٹی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

 انہوں نے  ماشکیل میں پچیس بستروں کے ہسپتال اور بجلی کی فراہمی کے لیے پانچ ارب روپے مختص کروانے کا اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں  نے  بلوچستان کے لیے چھ تجارتی گزرگاہ کھولنے کے اعلان پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے روابط قائم ہیں۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے کہا کہ  وہ پہلی دفعہ ایک پسماندہ علاقے سے اٹھ کر چیئرمین سینیٹ بنے ہیں اس لیے وزیر اعظم اور وزراء کو اپنے لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انھیں اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جس پر وہ عمران خان کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ ایک آئینی عہدہ ہے اس لیے انہوں نے کبھی بھی ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت نہیں کی۔