چین سپر پاور کے طور پر ابھر رہا ہے، چین کا افغانستان کی تعمیر نو میں کردار ہو گا، وزیراعظم عمران خان کی غیر ملکی میڈیا نمائندگان سے گفتگو

20

اسلام آباد۔12اگست  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ چین سپر پاور کے طور پر ابھر رہا ہے، چین کا افغانستان کی تعمیر نو میں کردار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے چین کی بہت اہمیت ہے کیونکہ  چین نے بہت مشکل وقتوں میں ہماری مدد کی ہے اور ہم چین کے شکرگزار ہیں، یہ کوئی مخصوص معاملہ نہیں ہے، ہم نے سی پیک میں شرکت کے لیے بھی دوسرے ملکوں اور یورپی ممالک کو بھی دعوت دی ہے اور اس میں کوئی بھی ملک شامل ہو سکتا ہے،  اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ احساس اپنی معیشت کا ہے، ہماری 22 کروڑ آبادی ہے اور میرا سب سے اہم ہدف لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کو غربت سے نکالنا ہے اور اس حوالے چین ہمارے لیے بہت مدد گار ہے اور چین نے ایسا کام کیا ہے جو انسانی تاریخ میں پہلے کسی ملک نے نہیں کیا ہے، چین نے تقریباً 70 کروڑ افراد کو غربت سے باہر نکالا ہے اور اس ضمن میں چین ہماری بہت مدد کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے افغانستان میں چین کے کردار کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان کا ہمسائیہ ہے اور یقینًا افغانستان کی تعمیر نو میں چین کا کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ترکی کے وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات کی ہے، ترکی اور طالبان کے لیے بہترین بات یہ ہے کہ وہ مل بیٹھ کر بات چیت کریں تاکہ وہ تبادلہ خیال کرسکیں کہ کابل ائیرپورٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا کیوں ضروری ہے، ہم بھی طالبان سے بات کریں گے تاکہ ہم بھی اس سلسلے میں اپنا کردا ادا کرسکیں۔