نوشہرو فیروز ،25اگست (اے پی پی )::ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت کورونا ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سکندر علی عباسی،ڈی ایم پی پی ایچ آئی گل خان، تمام تحصیلوں کے تعلقہ فوکل پرسن اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم کو تیز کیا جائے تاکہ ضلع کے تمام شہریوں کو ویکسین لگائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے دیئے گئے ہدف حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے ہر تحصیل اور پی پی ایچ آئی مراکز کو دیئے گئے مراکز کے اہداف حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔اور ہدف پورا نہ کرنے والے افسران اور ڈاکٹروں کے خلاف انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مارکیٹوں اور محلوں میں موبائل ٹیمیں روانہ کی جائیں اور تمام ویکسی نیشن مراکز چوبیس گھنٹے فعال رکھے جائیں۔ اس سے قبل ڈی ایچ او نے اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کل 28 ویکسی نیشن مراکز کام کررہے ہیں۔ جس کے حساب سے 4412 مریض روزانہ کا ہدف ہے کچھ تحصیلوں میں ہدف سے کم ویکسی نیشن ہو رہی ہے جس کو بھی جلد تیز کیا جائے گا۔











