ژوب شہر میں طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر کچے مکانات کو نقصان پہنچا

16

 

ژوب، 03 اگست(اے پی پی):ژوب شہر میں  کل رات ہونے والی طوفانی بارشوں سے شہر میں بڑے پیمانے پر کچے مکانات کو نقصان پہنچا، زیادہ تر نقصانات ریلوے کالونی، نیو ابادی، اور دیگر میں رونما ہوئے، تیز بارش اور ہواؤں سے ریلوے کالونی، مین بازار، شیرانی بازار، خروٹ آباد محلے میں کچے مکانات کی دیواریں چھتیں گر گئیں، جبکہ بازار میں سائن بورڈ بھی اکھڑ گئے، بارش ہوتے ہی شہر کی نالیاں بند ہونے کی وجہ سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہے تھے۔۔

اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر لائیو سٹاک ماحولیات حاجی مٹھا خان کاکڑ نے متاثرین کے لیے خوراک کا بندوست کیا اور بی اے پی کے اراکین نے متاثرین میں خوراک تقسیم ک جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری اعلامیے میں کنڑول روم قائم کرکے شہریوں سے کسی بھی نقصان کی اطلاع ڈپٹی کمشنر آفس کو مطلع کرنے کا کہا ہے۔

دریں اثنا  ڈپٹی کمشنر ژوب میر شہک بلوچ نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نقصانات کے متعلق میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئےکہا کہ کل طوفانی بارش میں ریلوے کالونی میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ  انتظامیہ نے متاثرہ مکانات کا دورہ کیا اور لگ بھگ 40 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے اس بارے میں پی ڈی ایم اے کو آگاہ کیا اور انھوں نے فوری طور متاثرین کے لیے آشیا خوردونوش اور ٹینٹ بھجوائے اور کہا کہ ہم نے متاثرہ مکانات کا ڈیٹا مرتب کیا اور آج شام متاثرین میں سامان تقسیم کرینگے۔