کابینہ کو جون 2021 تک کے گردشی قرضوں پر بریفنگ، گردشی قرضوں کا حجم 450 ارب سے کم ہو کر 150 ارب روپے رہ گیا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

28

اسلام آباد۔31اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے  کہا ہے کہ  کابینہ کو جون 2021 تک کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔ گردشی قرضوں کا حجم 450 ارب سے کم ہو کر 150 ارب روپے  رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے 12 اگست2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی اس کے علاوہ اس اجلاس میں جون 2021کے گردشی قرضوں پر بھی بریفنگ دی گئی تھی۔ کابینہ اجلاس کو جون 2021ء تک کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔ گردشی قرضوں کا حجم 450 ارب سے کم ہو کر 150 ارب روپے رہ گیا ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ 2023تک گردشی قرضہ  صفر پر لایا جا سکے۔ کابینہ نے محمد امین کو سی ای او لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر سٹیڈک ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن پاکستان امجد علی اعوان کا استعفیٰ منظور کیا گیا۔ چئیرپرسن نیشنل ٹیرف کمیشن کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 23 اور 26 اگست کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے اخراجات کیلئے مالی وسائل پر بریفنگ دی گئی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 688 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں، شمالی پنجاب میں موٹروے کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، سیالکوٹ سے کھاریاں موٹروے کے پہلے مرحلہ کا آغاز رواں ہفتے ہو گا، اس پر 27 ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ کھاریاں سے اسلام آباد موٹروے دوسرے مرحلہ میں مکمل کی جائے گی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اب تک 4.7 ٹریلین روپے کے منصوبوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے اشتہار دیا جا چکا ہے، سروسز ہوٹل لاہور کی کامیاب نجکاری کی جا چکی ہے، موجودہ حکومت نے پی آئی اے ، پی ٹی وی اور ریڈیو کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی، 2013میں جب (ن) لیگ نے اقتدار سنبھالا تو سرکاری ادارے 206 ارب روپے منافع میں تھے اور جب ان کی حکومت ختم ہوئی یہ ادارے 286 ارب روپے خسارے میں تھے، یہ ٹیکس دہندگان کی لوٹی ہوئی دولت سے بڑے ہوٹلوں میں شادیاں کرتے ہیں، موجودہ حکومت نے اس رجحان کو تبدیل کیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی پورٹ نے 1947ءسے 2018ءتک 67 ارب روپے کمائے لیکن گذشتہ تین سال میں 43ارب روپے کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے افغان حکام نے افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کی اجازت نہ دینے کی یقین دہائی کرائی ہے، بھارت کی طرف سے افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لئے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ کوئی فیصلہ تنہا نہیں کریں گے، پاکستان، چین، روس اور افغانستان پر مشتمل ٹرائیکا پلس کا اجلاس دوحہ میں ہو رہا ہے، افغانستان کی صورتحال پر وسطی ایشیائی ممالک ترکی، چین اور ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم علاقائی اور عالمی سطح پر مشترکہ فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ۔کھاریاں موٹروے کا ٹھیکہ ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران رواں ہفتے اس کا افتتاح کریں گے، یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 190 کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے پابند ہیں، ماضی میں سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ادارہ جاتی بھرتیوں کیلئے میرٹ پالیسی متعارف کرائی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پی آئی اے کی خدمات کی معترف ہے، جن طاقتوں نے اس حوالہ سے معاندانہ رویہ اختیار کیا انہیں سوچنا چاہئے۔