کورونا ویکسینیشن مہم میں کوتاہی برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

16

پشاور، 24اگست(اے پی پی): صوبائی دارلحکومت پشاور میں کورونا ویکسینیشن میں کوتاہی برتنے والوں افسران و اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے گزشتہ رات گئے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں جاری کرونا ویکسینیشن مہم کا جائزہ لیا گیا اور افسران کیجانب سے جاری کرونا ویکسینیشن پر کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پشاور کوتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی دارلحکومت پشاور میں کورونا ویکسینیشن مہم زور و شور سے جاری ہے اور انتظامی افسران کی نگرانی میں محکمہ صحت اور محکمہ مال کے اہلکارپشاور بھر میں گھر گھر جا کر لوگو ں کو آگاہی دیتے ہوئے کورونا ویکسین لگا رہے ہیں جبکہ کورونا ویکسین سنٹروں اور کورونا موبائل سنٹروں میں بھی کورونا ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے دیے گئے ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور کورونا ویکسینیشن مہم کے دوران کوتاہی و غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ سنٹروں میں سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا ویکسینیشن ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے فوری طور پر خود کو اور اپنے فیملی ممبران کو کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گل بانو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر احتشام الحق، سید نعمان علی شاہ،عمر اویس کیانی اور عبید ڈوگر سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت اللہ خان،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزار احمد اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔